نئی دہلی، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی اتحادی تنظیم بھارتی مزدور یونین ( بی ایم ایس) نے مرکزی حکومت کی مزدور مخالف پالیسیوں اور ‘ متعینہ مدتی ملازمت’ کی پالیسی کے خلاف آج یہاں احتجاج کیا۔ مزدور یونین نے ٹھیکے پر کام کرنے والے مزدوروں کا استحصال بند کرنے اور فکسڈ ٹرمس ایمپلایمنٹ کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ بی ایم ایس دہلی کے جنرل سکریٹری انیس مشرا نے کہا کہ ‘ متعینہ مدتی ملازمت’ مزدوروں اور معاشرے کی مخالف ہے اور اس کا نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیا نا چاہیے ۔ مرکزی حکومت مسلسل مزدوروں کے مفادات کے خلاف کام رہی ہے اور روزگار کی گارنٹی کا تصور ختم ہوتا جا رہا ہے ۔ مزدوروں نے مرکزی وزیر محنت و روزگار سنتوش گنگوار کو ایک میمورنڈم بھی بھیجا۔ مزدور لیڈروں کا کہنا تھا کہ ملک میں مزدور مخالف ماحول تیار ہو رہا ہے ۔ حکومت کی پالیسیاں صنعت کاروں کے لئے مددگار ثابت ہورہی ہیں، جس سے روزگار گارنٹی ختم ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزدوری کی اصلاحات کے نام پر مزدورون کے مفادات پر حملہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکے پر کام کرنے والے تمام مزدوروں کا سماجی تحفظ یقینی بنایا جانا چاہئے اور ان کو کم از کم اجرت دی جانی چاہئے ۔