مزدوروں کے عالمی یوم کاوسیع تر اہتمام

استنبول؍ منیلا ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) دنیابھر میں آج یوم مزدور (یکم مئی ) پر ریلیوں ، مظاہروں اور تقاریب کااہتمام کیاگیا ، لاکھوں لوگ اس عالمی دن پراپنے حقو ق کیلئے آواز بلند کرنے سڑکوں پر نکل آئے۔ترک پولیس نے استنبول میں احتجاجیوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شل فائر کئے اور پانی کی توپوں کا استعمال کیا جبکہ دسیوں ہزار لوگ سڑکوں پر جمع ہوگئے تھے ۔ سارے ایشیاء بشمول ہانگ کانگ ، جکارتہ ، کوالالمپور ، فلپائن ، سنگاپور ، تائیپی اور سیول میں ریالیاں نکالی گئیں۔ فلپائنی دارالحکومت منیلا کی ریلی کے شرکاء کا مطالبہ تھا کہ مزدوروں کی تنخواہیں اور ان کا معیار زندگی بہتر بنایا جائے۔کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں گارمنٹ فیکٹریوں کے ملازمین بھی سڑکوں پر نکل آئے۔

لیبر یونین کی ریلی میں اپوزیشن جمات کے کارکن بھی شریک ہوئے۔ مظاہرین نے کم سے کم تنخواہ بڑھاکر 160 ڈالر کرنے اور 23 محروس محنت کشوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔روس میں ایک لاکھ سے زائد محنت کش سینٹ بیسل کیتھڈرل کے قریب جمع ہوئے اور ریڈ اسکوائر سے لبیانکا اسکوائر تک ریلی نکالی، شرکاء نے یوم مئی کی مناسبت سے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ پاکستان میں بھی مزدوروں کاعالمی دن منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کی گئیں جبکہ مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز اور تقاریب بھی ہوئیں۔