درگابائی دیشمکھ ہاسپٹل سوسائٹی میں یوم مزدور تقریب ، انقلابی شاعر و گلوکار غدر کا خطاب
حیدرآباد۔2مئی(سیاست نیوز) مزدور پیشہ طبقہ اور ملازمین کے درمیان اتحاد ہی مذکورہ طبقات کو درپیش مسائل کا حل ثابت ہوگا۔درگا بائی دیشمکھ ہاسپٹل سوسائٹی کی یومِ مزدور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انقلابی گلوکار مسٹر غدر نے یہ بات کہی۔ تقریب کی صدارت سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ مسٹر بوجا تارکم نے کی جبکہ چیرمین تلنگانہ ریسور س سنٹر مسٹر ایم ویدا کمار‘ جنرل سکریٹری ٹی پی ایف مسٹر این کرشنا‘ صدر ہاسپٹل ورکرس یونین چکوڈا پربھاکر‘ ریلوے جے اے سی چیرمین متیا‘ نرملا‘ وجئے ‘ چرن‘ سرینو اور دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔اپنی تقریر کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مسٹر غدر نے کہاکہ سرمایہ داروں نے ہمیشہ ورکرس کے اتحاد کو توڑ نے کی کوشش کی ہے اور اس میں کئی مرتبہ انہیں کامیابی حاصل ہوئی انہوں نے کہاکہ ورکرس کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کے لئے سیاسی حربوں کے طور پر متعدد مرتبہ ورکرس یونین میں فرقہ پرستی کے نظریات بھی شامل کئے گئے۔انہوں نے درگابائی دیشمکھ ہاسپٹل کے ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو فوری بند کرنے کا انتظامیہ سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہاسپٹل ورکرس بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں انہوں نے اس موقع پر ایک قرارداد پیش کرتے ہوئے ہاسپٹل کے تمام ورکرس کو سرکاری شعبہ کے طرز پر بنیادی سہولتیں اور تنخواہیں فراہم کرنے کا انتظامیہ سے مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ہاسپٹل ورکرس پرہونے والے مظالم کے متعلق مستقبل قریب میںگورنر آندھرا پردیش کو ایک یادواشت بھی پیش کی جائے گی۔قبل ازیں بوجاتارکم نے مئی ڈے پرچم کشائی کے ذریعہ تقریب کا آغاز کیا۔