ممبئی۔/31مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) فلمی اداکارہ سونم کپور نے کامیڈین ( مزاحیہ فنکار ) تنمئے بھٹ کے ویڈیو کی تائید کی ہے جس میں گلوکارہ لتا منگیشکر اور کرکٹر سچن تنڈولکر کے درمیان تمثیلی بات چیت کو پیش کیا گیا اور بتایا کہ بعض گوشوں کی جانب سے اس مذاکرات میں حد سے زیادہ رد عمل کے اظہار پر وہ حیرت زدہ ہیں جبکہ اس ویڈیو پر سیاسی جماعتوں اور فلمی شخصیتوں نے برہمی کا اہار کیا تھا ۔ سونم کپور نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے تنمئے کے مذاق سے کہیں زیادہ دیگر موضوعات اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لتا منگیشکر اور سچن تنڈولکر اپنے اپنے شعبوں کی عظیم شخصیات ہیں ان پر تنقید اور طنز سے کوئی اثر نہیں ہوگا اور مزاحیہ فنکار نے صرف عوام کو ہنسانے کیلئے تمثیلی مذاکرات پیش کئے ہیں۔
قرض ادا نہ کرنے پر ڈائمنڈ فرم کے اثاثہ جات ضبط
ممبئی۔/31مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں ایک ڈائمنڈ فرم کے 172 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات قرق کرلئے ہیں جو کہ ایک بڑے بینک کو 6,800 کروڑ کا قرض واجب الادا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پروینش آف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ون سم ڈائمنڈس اینڈ جیویلری لمییڈ کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرلینے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ اس فرم کا رجسٹرڈ آفس گجرات کے شہر سورت میں ہے اور ہیڈکوارٹر ممبئی میں ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو دستیاب تفصیلات کے مطابق مذکورہ فرم نے 6800 کروڑ روپئے کے قرض حاصل کی ہے جس میں اسٹانڈرڈ چارٹرڈ بینک کی 4680 کروڑ کا قرض شامل ہے اور اس فرم کے پروموٹر جتن مہتا کے خلاف ای ڈی اور سی بی آئی تحقیقات کررہے ہیں۔