ممبئی ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) اداکاری کے شعبہ میں شہنشاہ جذبات کو اپنا گرو تسلیم کرنے والے منوج کمار نے کہا کہ یوسف صاحب کی سوانح عمری کی رسم اجرائی تقریب میں حالانکہ انہیں مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ خرابی صحت کی بنیاد پر شرکت نہیں کرسکے ورنہ ایسا کبھی ہوسکتا ہے کہ یوسف صاحب کی جانب سے مدعو کیا جائے اور وہ (منوج) شرکت نہ کریں۔ منوج کمار جنہیں حب الوطنی کے موضوع پر فلمیں بنانے کا ماہر تسلیم کیا جاتا ہے، کا اصلی نام ہری کشن گو سوامی ہے۔
دلیپ کمار سے ان کی چاہت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ جب انہوں نے فلمی دنیا میں داخلہ لیا تو اپنا فلمی نام منوج کمار رکھا جو دراصل دلیپ کمار کی پرانی فلم شبنم میں دلیپ کمار کے کردار کا نام تھا۔ اس طرح ہری کشن گو سوامی منوج کمار بن گئے۔ دونوں نے فلم آدمی اور کرانتی میں ایک ساتھ کام کیا۔ منوج کمار نے کہا کہ فلمی دنیا کا وہ سنہری دور اب کبھی واپس نہیں آسکتا۔ جب فلموں میں معیاری کہانی، معیاری گیت، معیاری ڈائیلاگ ہوا کرتے تھے۔ عریانیت کا کہیں دور دور تک بھی پتہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی یوسف صاحب اور سائرہ جی سے ملاقات کریں گے اور اپنی عدم شرکت پر معذرت خواہی کریں گے۔