مزائیل پروگرام جاری رکھنے ایران کا عہد

امریکی پابندیوں کی مذمت، خاطر خواہ جواب دینے کا فیصلہ
تہران۔/29جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران نے اپنے مزائیل پروگرم کے خلاف امریکی کانگریس میں منظورہ نئی پابندیوں کی آج مذمت کی اور اس پروگرام کو جاری رکھنے کا عہد کیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نئی پابندیوں کے اس قانون پر دستخط کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سرکاری نشریاتی ادارہ آئی آر آئی یو سے کہا کہ ’’ پوری طاقت کے ساتھ ہم اپنا مزائیل پروگرام جاری رکھیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’ امریکہ کے اس اقدام کو ہم مخاصمت پر مبنی اور ناقابل قبول تصور کرتے ہیں یہ نیو کلیر سمجھوتہ کو کمزور بنانے کی کوشش ہے۔‘‘ بہرام قاسمی نے کہا کہ ’’ فوج اور مزائیل ہماری داخلی پالیسی کے شعبے ہیں دوسروں کو ان میں مداخلت یا تبصرے کرنے کا کوئی حق نہیں پہونچتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ ہم جوابی ردعمل کا حق محفوظ رکھتے ہیںاور امریکی کارروائیوں کا موثر جواب دیا جائے گا‘‘ ۔ امریکی سنیٹ میں منظورہ تحدیدات بل میں روس اور شمالی کوریا کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ وہائیٹ ہاوزکی ترجمان سارہ ہکابی سینڈرس نے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اس مسودہ پر دستخط کریں گے جس کے بعد وہ قانون میں تبدیل ہوجائے گا۔