مری آدتیہ ریڈی کی تلنگانہ جنا سمیتی میں شمولیت

حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( این ایس ایس ) : سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی کے فرزند ایم آدتیہ ریڈی اور ایک صنعت کار بالا لنگم آج یہاں پروفیسر ایم کودنڈا رام کی موجودگی میں تلنگانہ جنا سمیتی ( ٹی جے ایس ) میں شامل ہوگئے ۔ اس موقع پر آدتیہ ریڈی کو کھنڈوا پہناتے ہوئے پارٹی میں ان کا خیرمقدم کیا گیا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے اس موقع پر خطاب کے دوران کہا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ ایک بڑے سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے آدتیہ ریڈی بھی سیاست میں داخل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی سے کہا کہ وہ 2 ستمبر کو کونگاراکلاں میں منعقد شدنی پرگتی نیویدنا جلسہ عام کے انعقاد و انصرام میں سرکاری مشنری استعمال نہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت اگر اقتدار کا بیجا استعمال کرتی ہے تو الیکشن کمیشن سے ہم اس کی شکایت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن کو بھی یہ دیکھنا چاہئے کہ حکمراں جماعت اپنے پرگتی نیویدنا جلسہ عام کے لیے سرکاری مشنری کا استعمال نہ کرے ۔۔