مریضہ کو ہرجانہ ادا کرنے خانگی دواخانہ کو صارفین فورم کی ہدایت

ڈاکٹرس اور دواخانہ کا استدلال مسترد ، صارفین فورم میں متاثرین کی داد رسی
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) رنگاریڈی صارفین فورم نے مقدمہ کی یکسوئی کرتے ہوئے خانگی دواخانہ کو ہدایت دی کہ 44 سالہ بی راجیشوری کو 4 لاکھ روپئے بطور ہرجانہ ادا کئے جائیں ۔ بی راجیشوری نے صارفین فورم سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی کہ وہ اپنے مرض کے علاج کیلئے سینٹ تھریساس ہاسپٹل سے 12 فبروری 2009 ء کو رجوع ہوئی تھی جس پر ڈاکٹر نے انھیں ایک ٹسٹ کا مشورہ دیا تھا ۔ ٹسٹ کے دوران راجیشوری نے تکلیف کی شکایت کرتے ہوئے ٹسٹ کو روک دینے کی خواہش کی تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ ٹسٹ کے بعد صورتحال مزید ابتر ہوگئی اور پیچیدگیوں میں اضافہ ہوتا گیا جس پر راجیشوری نے اپنے شوہر کے ہمراہ دوسرے خانگی ہاسپٹل کے ساتھ ساتھ گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہوتے ہوئے اپنے علاج کی تکمیل کروائی ۔ گاندھی ہاسپٹل میں راجیشوری کو ٹسٹ کے دوران پیدا شدہ پیچیدگیوں کو دور کرنے کیلئے ایک آپریشن بھی کیا گیا ۔ راجیشوری نے صارفین فورم سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی شکایت درج کروائی تھی کہ ڈاکٹر پربھاکر جو کہ ایک ماہر امراض معدہ ہیں نے لاپرواہی سے اُن کا ٹسٹ کیا جس کی وجہ سے اُنھیں ذہنی و جسمانی پریشانیوں کے علاوہ معاشی مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ۔ فورم نے ڈاکٹر پربھاکر اور دواخانہ کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ کو 4 لاکھ روپئے بطور ہرجانہ ادا کرے ۔ ڈاکٹر پربھاکر نے اپنے دفاع میں استدلال پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ مریضہ کی جانب سے لاپرواہی کے سبب یہ پیچیدگیاں پیدا ہوئی تھی لیکن صارفین فورم نے ڈاکٹراور دواخانہ کے استدلال کو مسترد کرتے ہوئے بی راجیشوری کے حق میں فیصلہ سنایا ۔ صدر صارفین فورم آر گوپا ل کرشنا مورتی کے علاوہ رکن آئی ایل پرسانتی نے اپنے فیصلہ میں اس بات کی ہدایت دی کہ دونوں فریق یعنی ڈاکٹر اور دواخانہ 4 لاکھ ادا کرنے کے علاوہ ادویات و دیگر اخراجات کیلئے 5,000 روپئے شکایت کنندہ کو ادا کریں۔ خانگی دواخانہ کے خلاف دیئے گئے اس فیصلہ کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صارفین فورم میں متاثرین کی دادرسی ممکن ہوتی جارہی ہے ۔