مریضوں کی بہتر نگہداشت اور طبی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح

کروڑہا روپئے کے صرفہ سے سرکاری دواخانوں کی کارپوریٹس میں تبدیلی ‘ ڈاکٹر ٹی راجیا کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر صحت و طبابت و ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی راجیا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت ریاست تلنگانہ کے غریب اور متوسط طبقات کے عوام کو محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے مریضوں کی بہتر سے بہتر نگہداشت اور طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی غرض سے کروڑہا روپئے کے صرفہ سے ریاست تلنگانہ میں واقع تمام سرکاری دواخانوں کو کارپوریٹ ہاسپٹلس کی طرز پر ترقی دیتے ہوئے سرکاری دواخانوں میں عصری آلات کی فراہمی کے علاوہ مریضوں کو اعلیٰ طبی سہولتیں مہیا کرنے کی مساعی کررہی ہے تاکہ ریاست تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے ۔ وزیر صحت و طبابت ڈاکٹر ٹی راجیا آج (MNJ) ایم این جے انسٹی ٹیوٹ آف انکالوجی اینڈ ریجنل کینسر سنٹر حیدرآباد کے گولڈن جوبلی بلاک ، ایم آر آئی مشین ، بلڈ سیل سپریٹ مشین کو مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے اپنی حکومت کے دوران 6 ماہ کے مختصر سے وقفہ میں ریاست تلنگانہ کے عوام کو سرکاری دواخانوں میں اعلیٰ طبی سہولتوں کی فراہمی اور علاج کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی لاتے ہوئے حسب ضرورت فنڈس مختص کرتے ہوئے سرکاری دواخانوں کی ترقی کی راہ گامزن کرنے سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے ایم این جے کینسر سنٹر میں مرض کینسر کے علاج کے لیے جدید عصری آلات کی تنصیب پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں کے علاج میں بڑی حد تک سہولت بخش اور کارآمد ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب مذکورہ کینسر سنٹر میں بون میارو ٹرانس پلانٹیشن یونٹ کے علاوہ دیگر کینسر سے متعلق جدید عصری آلات کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مرض کینسر کے تدارک کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح کے کینسر سنٹر میں بھی کینسر سنٹرس قائم کرنے کی تجویز ہے جس کو عنقریب عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔ انہوں نے مذکورہ کینسر سنٹر کے عملہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور عملہ پر زور دیا کہ وہ ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں سے خوش اخلاق کے ساتھ انہیں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ عوام میں سرکاری دواخانوں سے متعلق اعتماد بحال ہوسکے اور وہ کارپوریٹ ہاسپٹلوں کا رخ کرنے سے محفوظ رہیں ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی حلقہ اسمبلی نامپلی مسٹر جعفر حسین ، ڈائرکٹر ایم این جے کینسر سنٹر ڈاکٹر پی سرینواس نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر آر ایم او ڈاکٹر شریمتی للیتا ، سرجیکل انکالوجسٹ ڈاکٹر ایم سرینواسلو ، ریڈیشین انکالوجی ، ڈاکٹر ایم وجئے کمار ، میڈیکل انکالوجی ڈاکٹر سدھا سنہا ، ریڈیا لوجسٹ ، ڈاکٹر شریمتی جیہ لتا ، پتھالوجسٹ ، ڈاکٹر تریوینی ، سپرنٹنڈنٹ نیلوفر ہاسپٹل ڈاکٹر دیواراج کے علاوہ ہاسپٹل عملہ اور دیگر ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ قبل ازیں وزیر صحت و طبابت ڈاکٹر ٹی راجیا نے ہاسپٹل کے مختلف وارڈس کا معائنہ بھی کیا ۔