پہلی کوشش میں کامیابی ایک غیر معمولی کارنامہ
ممبئی 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرو کے سائنسدانوں کے ذریعہ مریخ کے ارد گرد منگل یان کی کامیاب تعیناتی کے سائنسی کارنامے کو ملک کے لئے قابل فخر تصور کیا جارہا ہے جہاں ملک بھر سے اُنھیں مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ خود وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اسے سائنسدانوں کا عظیم کارنامہ قرار دیا۔ ایسے موقع پر بھلا بالی ووڈ کیونکر پیچھے رہ سکتا ہے۔ میگا اسٹار امیتابھ بچن، افسانوی گلوکارہ لتا منگیشکر اور سری دیوی نے بھی اسرو کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملادیئے۔ امیتابھ بچن نے اس مشن کی کامیابی پر ایک انوکھا تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اِس مشن پر اسرو نے اتنے کفایتی بجٹ کا استعمال کیا ہے جو ایک ہالی ووڈ فلم بنانے کے بجٹ سے بھی کم ہے۔ اُنھوں نے منگل پان، بھارت ماتا کی جئے، بدھائی، پیار، اسنہہ اور ابھیندن جیسے الفاظ کا استعمال کیا۔ اس طرح سری دیوی نے بھی اس کارنامے کو تاریخی قرار دیا اور کہاکہ نئے وزیراعظم کے دور میں ہمارے سائنسدانوں نے ایک عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔ مبارکباد قبول کیجئے۔ لتا منگیشکر نے کہاکہ نریندر بھائی، یہ تمام ہندوستانیوں کے لئے ایک قابل فخر کارنامہ ہے۔ اس طرح اکشے کمار، شاہد کپور، ابھیشک کپور، گلوکارہ سیندھی چوہان نے بھی مریخ مشن کی کامیابی پر مسرور ہوتے ہوئے نریندر مودی، اسرو کے سائنسدانوں اور پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اُن کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے مشن میں پہلی کوشش کے ذریعہ کامیابی حاصل کرلینا معمولی کارنامہ نہیں ہے جس کا سہرہ ہندوستانی سائنسدانوں کے سر جاتا ہے۔ عض فلمی ٹیکنیشینس نے اس کارنامہ کو 1969 ء میں امریکہ کی جانب سے چاند کی تسخیر کے کارنامہ کے مماثل قرار دیا۔ یاد رہے کہ جولائی 1969 ء میں امریکہ کے خلاء باز آرم اسٹرانگ دنیا کے پہلے انسان تھے جنھوں نے چاند پر قدم رکھا تھا۔