مرہٹواڑہ میں بارش کی تباہ کاریوں سے 9 افراد ہلاک

ممبئی ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام): علاقہ مرہٹواڑہ میں مانسون کے احیاء کے بعد 9 افراد کی موت ہوگئی جب کہ سیلاب میں 5 افراد بہہ گئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اضلاع جالنہ اور ناندیڑ میں بجلی گرنے کے واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ  اضلاع بیڑ اور لاتور میں موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں سیلاب میں 5 افراد بہہ گئے ۔ تاہم مہلوکین کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ اگرچیکہ جاریہ موسم برسات کسانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے ۔ جنہوں نے دالوں کی فصل لگائی تھی لیکن گذشتہ 2 یوم کی موسلادھار بارش نے ان کی فصل کو نقصان پہنچایا ہے ۔ جب کہ راحت اور امدادی کاموں کے لیے خصوصی ٹیموں کو طلب کرلیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے جاریہ ہفتہ مزید بارش کی پیش قیاس کی ہے ۔۔