مرکز ‘ تقسیم ریاست کے فیصلے پر اٹل : پلم راجو

حیدرآباد 11 جنوری ( این ایس ایس ) مرکزی وزیر مسٹر ایم ایم پلم راجو نے آج کہا کہ مرکزی حکومت بہرصورت آندھرا پردیش کو تقسیم کرنا چاہتی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پلم راجو نے کہا کہ مرکزی حکومت علیحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل دینے کے فیصلے پر آگے بڑھ رہی ہے ۔ یقینی طور پر تقسیم ریاست کے نتیجہ میں آندھرا کا بھاری نقصان ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی کابینہ کی جانب سے تنظیم جدید آندھرا پردیش کے بل کا جائزہ لیا جائیگا جس پر اسمبلی میں فی الحال مباحث چل رہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مرکزی کابینہ میں اس بل میں کچھ ترامیم پیش کی جائیں گی جب اس پر غور ہوگا ۔ سیما آندھرا وزرا اور مرکزی قائدین و ریاستی قائدین کی جانب سے تقسیم ریاست کو روکنے کی ہر ممکنہ کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم مرکزی حکومت اس تعلق سے کوئی دباؤ قبول کرنے کو تیار نہیں ہے ۔