مرکز ی سرکاری اسکولوں میں یوگالازمی مضمون

نئی دہلی۔22جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت کی طرف سے چلائے جانے والے تمام اسکولس میں چھٹویں تا دسویں جماعت کے تحت یوگا کا اب نہ صرف لازمی مضمون کے طور پر درس دیا جائے گا بلکہ ٹیچرس کے تعلیمی پروگراموں میں بھی ٹریننگ ماڈیول کے طور پر شامل رہے گا ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے کہا کہ اس کے علاوہ یوگا کا ایک قومی مقابلہ آئندہ سال منعقد کیا جائے گا ‘ جہاں بہترین یوگا کا مظاہرہ کرنے والے طالب علم کو پانچ لاکھ روپئے کا نقد انعام دیا جائے گا ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل نے طلبہ کیلئے نصاب اور اس کورس کا مواد جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسکورس سے طلبہ پر کوئی زائد بوجھ عائد نہیں ہوگا کیونکہ سمرتی ایرانی نے کہا کہ ’’ تاہم میں طلبہ سے یہ تیقن چاہتیہوں کہ وہ عملی امتحانات پر بھرپور توجہ کا مظاہرہ کریں ۔ مرکزی وزیر بین الاقوامی یوم یوگا تقاریب کے دوسرے دن یہاں ایک تقریب سے خطاب کررہی تھیں ‘ بعد ازاں انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کو اپنے نصاب میں یوگا شامل کرنے کے فیصلہ کا مکمل اختیار حاصل رہے گا ۔ اس دوران سی بی ایس ای کے عہدیداروں نے کہا کہ یوگا کو نصاب میں شامل کرنے کیلئے ہنوز ایک طریقہ کار کی تیاری درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملحقہ اسکولوں میں اس پر عمل آوری کیلئے ایک حکمت عملی تیار کرنا ہوگا ۔ تاہم کیندریہ ودیالیہ اور جواہر نوودیا ودیالیہ کے تمام اسکولوں میںیوگا لازمی مضمون کے طور پر شامل رہے گا ۔ سمرتی ایرانی نے مطلع کیا کہ 17جولائی کو ایک موبائیل ایپ جاری کیا جائے گا جس کے دریعہ این سی ای آر ٹی کی پہلی تا بارھویں جماعت تک کی تمام کتابوں کا مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے ۔ ایرانی نے کہا کہ دہلی کناؤٹ پلیس ( سنٹرل پارک ) میں ڈسمبر کے دوران ’’ کلا اُتسو‘‘ منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر کے طلبہ نسلی ‘ تہذیبی مضزون اور رقص کے پروگرام پیش کئے جائیں گے ۔