حکومت کی پالیسیوں پر تنقید ‘ پیپلز ایکشن فار رورل اویکننگ کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز): مرکز میں برسر اقتدار این ڈی اے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی :عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی اور حکومت کے معلنہ ترقیاتی و فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں بے قاعدگیوں اور مخالف عوام اور کسان دشمن پالیسیوں سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے پیپلز ایکشن فار رورل اویکنگ کی جانب سے ’ وعدہ نہ توڑو ابھیان ‘ مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ سارے ملک کے عوام کو مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں سے متعلق واقف کروایا جاسکے ۔ نیشنل اسٹرینگ کمیٹی ممبر پیپلز ایکشن فار رورل اویکنگ (PARA) مسٹر تھامس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ این ڈی اے حکومت کی کارکردگی کا ایک سالہ دور انتہائی غیر اطمینان بخش ، مایوس کن اور عوام کے حق میں بے فیض رہی ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت مخالف عوام کسان دشمن ، مخالف دلت ، مخالف مسلم پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور حکومت من مانی فیصلہ صادر کررہی ہے جس کے نتیجہ میں ملک کے غریب اور متوسط عوام کو کئی دشواریوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے قانون حصول اراضی پر آرڈیننس کے نتیجہ میں کسان طبقہ پریشان حال ہے ۔ حکومت کارپوریٹ اور سرمایہ داروں کی پشت پناہی کررہی ہے اور ملک کو ہندو راشٹرا بنانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ یہاں ہمہ مذہب کے لوگ رہتے بستے ہیں ۔ ملک میں دلتوں اور مسلم اقلیتوں پر حملے کئے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں ملک کو قانون نظم و ضبط کی برقراری میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ کنوینر ساکشی ویمن رائٹس واچ مسٹر اساک صدر تلنگانہ اسٹیٹ دلت بہوجن فرنٹ مسٹر پی شنکر ، ایچ آری رکن مسٹر امبیڈکر اور ویزلی مارٹن بھی موجود تھے ۔