حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں کلرک ایل ڈی سی اور پوسٹل اسسٹنٹ ، سارٹنگ کی مخلوعہ جائیدادوں پر جن کی تعداد 6800 ہے ۔ تقررات کے لیے اسٹاف سلیکشن کمیشن کل ہند سطح کا مسابقتی امتحان منعقد کررہا ہے ۔ اس کے فارمس اعلامیہ کے اجرائی کے بعد آن لائن / آف لائن داخل کئے جارہے ہیں ۔ اس کے لیے انٹر میڈیٹ کسی بھی گروپ کے امیدوار اہل ہیں ۔ لڑکیوں / خواتین کو فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔ سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے انٹر کامیاب امیدوار اس امتحان میں شرکت کریں ان معلومات کو مسٹر ایم اے حمید نے دکن ریڈیو کے راست نشریہ پروگرام میں فراہم کی ۔ اور کہا کہ عام طور پر طلباء و طالبات ان مسابقتی امتحانات میں شرکت نہیں کرتے ۔ ان سے عدم واقفیت کی بنا نہ فارم داخل کئے جاتے نہ امتحان لکھا جاتا ۔ اس لیے انٹر کے بعد طلبہ کو سرکاری ملازمتوں سے متعلق مسابقتی امتحانات سے واقف کروانے کے لیے ایسے پروگرام بے حد مفید ثابت ہوتے ہیں ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اسٹاف سلیکشن کمیشن کے مسابقتی امتحان سے واقف ہو کر اس کے فارم داخل کرتے ہوئے شریک امتحان ہو اس مسابقتی امتحان کے ذریعہ سرکاری ملازمت حاصل کریں ۔ دکن ریڈیو 107.8 کے راست نشریہ پروگرام میں پروگرام کوآرڈینٹر صدیقہ فاطمہ نے دن میں ریکارڈ کئے گئے سوالات اور دوران پروگرام راست پوچھے جانے والے سوالات کے علاوہ اسٹوڈیو میں شخصی طور پر سوالات کو شامل کیا جن کا ایم اے حمید نے نہایت معلوماتی جواب دیا ۔ محمد منیر ، صفورہ نے معاونت کی ۔ آخر میں فاطمہ نے شکریہ ادا کیا ۔ زاہد فاروقی اور فہیم انصاری پروگرام کے انعقاد میں معاون رہے ۔۔