نئی دہلی ۔ 2نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر پر مذاکرات کیلئے مرکز کے خصوصی نمائندہ دنیشورشرما 6 نومبر سے وادی کا دورہ شروع کررہے ہیں جہاں وہ ریاست کے مختلف فریقین سے بات چیت کریں گے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ 61سالہ شرما ریاست کی سیاسی قیادت کے علاوہ دیگر تنظیموں سے بھی جو اُن سے ملاقات کے خواہاں ہو بات کریں گے ۔ سابق انٹلیجنس بیورو سربراہ نے اپنے نئے رول کے بارے میں پہلے ہی یہ وضاحت کردی ہے کہ وہ آن لائن جھوٹے نعروں اور پروپگنڈہ کا خاتمہ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نوجوان اور طلبہ بھی امن کے اس عمل میں فریق بن جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وادی کا محض رسمی دورہ نہیں کریں گے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ ہر عام آدمی سے بھی جسے کوئی شکایت لاحق ہو ملاقات کریں ۔ مرکز نے انہیں حال ہی میں جموں کشمیر پر جامع مذاکرات کیلئے اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے انہیں جذباتی وابستگی ہے ۔