مرکز کی ہر ماہ 9000 فونس پر نظر

نئی دہلی ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ماہ 9000 فونس پر نظر رکھی جاتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نے انکشاف کیا کہ مرکزی حکومت سالانہ ایک لاکھ فونس پر ہوئی بات چیت کو ریکارڈ کرلیتی ہے۔ نئی دہلی کے این جی او سافٹ ویر فریڈم لا سنٹر کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق بتایا گیا ہیکہ ملک میں بعض مخصوص نمبرات پر نگرانی رکھی جارہی ہے۔ اس آرگنائزیشن کے ہندوستانی ڈائرکٹر مشی چودھری نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا۔ یہ رپورٹ استنبول میں منعقدہ انٹرنیٹ گورننس فورم کے اجلاس میں جاری رکھی گئی۔ رپورٹ میں انٹرویوز اور آر ٹی آئی درخواستوں پر مبنی معلومات شامل ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ میں داخلی سلامتی کے ڈائرکٹر راکیش مشل نے حق معلومات قانون کی درخواست پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ہر ماہ حکومت کی جانب سے اوسطاً 7,500 تا 9000 ٹیلی فونس پر کڑی نگرانی کی جاتی ہے۔ اس تمام احکامات کو مرکز وزارت داخلہ کے معتمد نے جاری کئے ہیں۔ حکومت اب انٹرنیٹ کے ذریعہ ہونے والی بات چیت پر بھی کڑی نظر رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس طرح کی نظر رکھنے کا مقصد ملک میں مجرمانہ سرگرمیوں کا پتہ چلانا ہے۔