مرکز کی ہدایت کے بعد شہر میں پولیس کی سخت چوکسی

شاپنگ مالس اور عوامی مقامات پر تلاشی مہم ‘ مشتبہ افراد کی سرگرمیوں پر نظر
حیدرآباد۔ 23 ۔ نومبر (سیاست نیوز) فرانس اور مالی میں اسلامک اسٹیٹ( آئی ایس) کی جانب سے دہشت گرد حملوں کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے جس کے نتیجہ میں دونوں شہروں میں پولیس نے بڑے پیمانہ پر تلاشی مہم شروع کردی۔  مرکز نے خبردار کیا ہے کہ آئی ایس کے حامی پُرامن فضاء کو متاثر کرسکتے ہیں ۔ ذرائع کے بموجب ٹاسک فورس اور سٹی کے پانچ زونس کی پولیس نے شہر کے اہم مقامات کے علاوہ سٹی سنٹر ، بگ بازار اور اہم عوامی مقامات پر پولیس نے تلاشی مہم لی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشور راؤ کی قیادت میں شاپنگ مالس میں اچانک تلاشی لی گئی اور سیکوریٹی عملہ کو مشتبہ افراد کے داخلہ پر چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ دونوں شہروں کے اہم مقامات پر پولیس نے ناکہ بندی کرتے ہوئے کاروں اور موٹر سیکل سوار نوجوانوں کی تلاشی لی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سنٹرل انٹلیجنس بیورو (آئی بی) نے ایک الرٹ جاری کیا جس میں داعش کے ممکنہ حملوں سے نمٹنے آگاہ کیا گیا ہے۔ ریاستی پولیس کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ داعش سے مبینہ حامی نوجوانوں اور مشتبہ افراد کے سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور وسیع تر سیکوریٹی انتظامات ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔