مرکز کی پرائم منسٹر جن دھن یوجنا سے کئی افراد محروم ہونے کا اندیشہ

بینکوں میں اسکیم کے فارمس کی اجرائی سے انکار ، ریاستی حکومت کو فوری توجہ دینے کی ضرورت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ وزیراعظم جن دھن یوجنا کا دھماکہ خیز آغاز ہوا لیکن اسکیم کے آغاز کے دوسرے ہی دن یہ افواہیں پھیلادی گئیں کہ مذکورہ اسکیم صرف ایک دن کیلئے تھی جبکہ حقیقت یہ نہیں ہے۔ حکومت نے کروڑوں شہریوں کو جو بینک کاری نظام سے دور ہیں، انہیں بینک کاری نظام کا حصہ بنانے کے ساتھ ساتھ سرکاری فوائد کی فراہمی کا فیصلہ کرتے ہوئے اس اسکیم کا آ غاز کیا تھا لیکن 28 اگست کو شروع کردہ اس اسکیم کے متعلق بینک عہدیداروں کی جانب سے دوسرے ہی دن یہ کہا جانے لگا کہ اسکیم سے متعلق فارمس دستیاب نہیں ہیں بلکہ جو نشانہ انہیں دیا گیا تھا وہ مکمل ہوچکا ہے۔ وزیراعظم جن دھن یوجنا کے تحت کھولے جانے والے کھاتوں کو جو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ان میں RuPay ڈیبٹ کارڈ کے ساتھ ایک لاکھ روپئے تک کا حادثاتی انشورنس اور 30,000 تک کا انشورنس فراہم کیا جارہا ہے۔ آدھار کارڈ سے منسلک اس کھاتہ کی کشادگی کی صورت میں کھاتہ دار کو 5000 روپئے تک کا اوور ڈرافٹ منظور کیا جاسکتا ہے ۔ اسکیم کے فوائد کو دیکھتے ہوئے عوام کی کثیر تعداد ان کھاتوں کی کشادگی کیلئے امڈ آئی ہے لیکن بینک عہدیداروں کی جانب سے کی جانے والی غفلت کے سبب شہریان تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کے حدود میں عوام اس اسکیم سے استفادہ کرنے سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔ حکومت نے جو نشانہ مقرر کیا ہے ، اس کی تکمیل کیلئے 26 جنوری 2015 ء کی تاریخ کا تعین کیا ہے اور حکومت کے نشانہ کی تکمیل کیلئے 25 جنوری تک بھی یہ اکاؤنٹ کھلوائے جاسکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے پی ایم جے ڈی وائی اسکیم کے آغاز کے ذریعہ ان شہریوں کو استفادہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے جو شہری بینک کاری نظام سے دور ہیں۔ بینک کاری نظام سے مربوط ہونے کی صورت میں شہریوں میں نہ صرف بچت کا ذوق پیدا ہوگا بلکہ بینک کاری نظام سے حاصل ہونے والے فوائد کے حصول میں بھی شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا ۔ اسکیم کے آغاز کے ساتھ ہی جو صورتحال پیدا کی جارہی ہے ، اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عوام کو اس اسکیم سے استفادہ کرنے سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ریاستی سطح پر حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر تمام بینکوں کو ہدایات جاری کرے کہ وہ وزیراعظم جن دھن یوجنا کے تحت کھاتے کھولنے میں کسی قسم کی دشواریاں پیدا نہ کریں بلکہ تمام درخواست گزاروں کے کھاتے کھولنے کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔