کلکٹر حیدرآباد کو یادداشت ۔ آندھرا ئی ملازمین کی واپسی کا مطالبہ
حیدرآباد۔29اگست(سیاست نیوز) تلنگانہ نان گزیٹیڈ افیسرس اسوسیشن کی جانب سے مرکزی حکومت کی نئی پنشن اسکیم کے خلاف ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد دفتر نامپلی تا کلکٹر حیدرآباد بائیک ریالی نکالی گئی۔ ٹی این جی اوز سنٹرل کمیٹی صدر کارم رویند ریڈی نے بائیک ریالی کی قیادت کی جبکہ جنرل سکریٹری پربھاکر ریڈی کے علاوہ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد صدرایس ایم حسینی مجیب‘ جنرل سکریٹری پربھاکر کے علاوہ اسوسیشن سے وابستہ سینکڑوں سرکاری ملازمین نے اس بائیک ریالی میںشرکت کی ۔ بعدازاں ٹی این جی اوز کے وفد نے رویندر ریڈی کی قیادت میںکلکٹر حیدرآباد ڈاکٹر یوگیتا رانا آئی اے ایس کو ایک یادواشت بھی پیش کی جس میں مرکزی حکومت کی سی پی ایس کو فوری ہٹانے کے علاوہ برسوں سے کنٹراکٹ او رآئوٹ سورسنگ پر خدما ت انجام دینے والے درجہ چہارم کے ملازمین کو مستقل نوکری کے علاوہ آندھرا میں خدمات انجام دینے والے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کی ریاست تلنگانہ کو عاجلانہ واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔بعد ازاں حیدرآباد کلکٹر دفتر کے احاطے میںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے رویندر ریڈی نے کہاکہ تین سال سے زیادہ کا عرصہ ہونے کے باوجودبھی تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین آندھرا میں خدمات انجام دے رہے ہیں،اس ضمن میں اے پی تنظیم جدید بل2014کے مطابق تشکیل دی گئی کمیٹی بھی غیر کارکرد ثابت ہوئی اور آندھرا میںجو سرکاری ملازمین خدما ت انجام دے رہے ہیں ان کے ساتھ تعصب برتا جارہا ہے ۔اس لیے ہمارے ملازمین کی ریاست واپسی کے موثر اقدامات کرے۔ ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد صدر ایس ایم حسینی مجیب نے پانچ تادس سالوں سے مختلف محکموں میں آئوٹ سورسنگ اور کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو مستقل ملازمت کی فراہمی کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔