وجئے واڑہ /26 اگست ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش میں پولاورم پراجکٹ پر عمل آوری کیلئے ریاستی تلگودیشم حکومت کے طریقہ کار کے بارے میں مرکزی وزرارت آبی وسائل کی منفی رپورٹ کے بعد قومی اہمیت کے حامل اس ہمہ مقصدی آبپاشی پراجکٹ کی مقررہ وقت پر تکمیل پر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں ۔ مرکزی وزارت آبی وسائل کی رپورٹ فی الحال وزیر اعظم کے دفتر میں زیر غور ہے ۔ جس کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی اس پراجکٹ کے اہتمام کا پتہ چل سکتا ہے ۔ حالانکہ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو مئی 2019 میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات سے قبل اس کلیدی پراجکٹ کی تکمیل کیلئے بے چین ہیں ۔ رپورٹ نے کہا ہے کہ ( ریاستی حکومت کی طرف سے ) کسی بھی زاویہ سے اس پراجکٹ پر محفوظ اور موثر انداز میں عمل آوری نہیں کی جارہی ہے ۔ حکومت آندھراپردیش پولاورم پراجکٹ کو اپنی ریاست کیلئے ’ خط حیات ‘ قرار دے رہی ہے۔