حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن مرکزی حکومت کی طلبی پر 30 نومبر کو دہلی روانہ ہوں گے ۔ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے چیف سکریٹریز کے ساتھ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے گذشتہ دن منعقدہ اجلاس کے فوری بعد مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی دہلی طلبی کی کافی اہمیت اختیار کر گئی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تلنگانہ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما اور آندھرا پردیش چیف سکریٹری مسٹر آئی وائی آر کرشنا راؤ کے مابین ہوئی بات چیت اور ایکدوسرے کے خلاف مرکزی وزارت سے کی گئی شکایات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے مثبت تجاویز و مشورے حاصل کرنے کے لیے دہلی طلب کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات پر جاری تنازعہ کی بھی یکسوئی کی جائے گی ۔ انٹر میڈیٹ امتحانات، پانی، برقی اور ملازمین کی تقسیم کے مسئلہ پر دونوں ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے درمیان تنازعہ جاری ہے۔