مرکز کی این ڈی اے اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومتیں عوامی تائید سے محروم

حکومتوں کی کار کردگی مایوس کن، ڈی سرینواس سابق صدر پی سی سی کا الزام
حیدرآباد /16 اپریل (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس ڈی سرینواس نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومتیں اندرون ایک سال عوامی تائید سے محروم ہو گئیں۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ان کی قیادت میں تشکیل دی گئی ہائی لیول کمیٹی کا آج گاندھی بھون میں اجلاس منعد ہوا، جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے علاوہ کمیٹی کے 9 ارکان بشمول محمد سراج الدین صدر نشین تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نے شرکت کی اور ان سب سے تجاویز طلب کی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات اور اقلیتیں کانگریس کی روایتی حلیف ہیں، تاہم 2014ء کے عام انتخابات میں یہ طبقات کانگریس سے کسی قدر دور ہوگئے، لہذا اعلی سطحی کمیٹی کے ارکان تلنگانہ کے دس اضلاع کا دورہ کرکے وجوہات کا جائزہ لیں گے اور بعد ازاں کانگریس قائدین و سماج کے مختلف طبقات سے مشاورت کرکے اندرون سو دن ایک جامع رپورٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کو پیش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی کار کردگی مایوس کن ہے، سارے ملک میں افرا تفری کا ماحول ہے اور مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مشکل وقت میں عوام کے ساتھ رہے گی اور جو طبقات کانگریس سے دور ہوئے ہیں، ان کا دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس واحد جماعت ہے، جو اپنے انتخابی منشور پر عمل کرتی ہے، جب کہ دیگر جماعتیں اقتدار کے حصول کے لئے ہتھیلی میں جنت دکھاتی ہیں اور اقتدار حاصل ہونے کے بعد اپنے وعدوں کو فراموش کردیتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 27 اپریل کو ہوگا، جس میں اضلاع ورنگل اور کھمم کے دورہ کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ ماہ مئی تک تلنگانہ کے تمام اضلاع کا دورہ کرکے کانگریس کمیٹی کو رپورٹ پیش کردی جائے گی۔