مرکز کیخلاف کانگریس کا احتجاج کامیاب بنانے کی اپیل

راہول کی قیادت میں اتوار کو دہلی میں احتجاجی پروگرام : یوکے آر
حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے راہول گاندھی کے صدر بننے کے بعد پہلی مرتبہ مرکزی حکومت کے خلاف دہلی میں منعقد ہونے والے احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنانے کی تلنگانہ قائدین سے اپیل کی ہے۔ پنچایت کے انتخابات کو ترجیجی معاملہ بناتے ہوئے تیاری کرنے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی، سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ، پنالہ لکشمیا، سابق وزیر ڈی ناگیندر، رکن اسمبلی سمپت کمار کے علاوہ نائب صدور اور جنرل سکریٹریز اضلاع کانگریس کے صدور اور محاذی تنظیموں کے صدور کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی (یوکے آر) نے کہاکہ مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں، جمہوریت اور سیکولرازم کو نقصان پہنچانے کے خلاف اے آئی سی سی صدر نامزد ہونے کے بعد پہلی مرتبہ راہول گاندھی نے 29 اپریل کو دہلی میں احتجاجی پروگرام ترتیب دیا ہے۔ گرام پنچایتوں کے مجوزہ انتخابات کو ترجیحی معاملہ بناتے ہوئے صد فیصد پنچایتوں پر کامیابی کیلئے کام کرنے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا۔ انھوں نے بتایا کہ یکم مئی سے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے عمل کا آغاز ہوگا۔ کانگریس کے قائدین فہرست رائے دہندگان سے اصل رائے دہندگان کے نام غائب ہونے پر خصوصی توجہ دیں۔ اگر اس طرح کی غلطیاں سرزد ہوتی ہیں تو ناموں کو فہرست رائے دہندگان میں دوبارہ شامل کرانے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔