شرد پوار کی قیامگاہ پر اجلاس۔ یکم فبروری کو دوبارہ ملاقات کا فیصلہ
نئی دہلی 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن جماعتوں کا آج این سی پی سربراہ شرد پوار کی قیامگاہ پر یہاں اجلاس منعد ہوا جس میں کئی اہم مسائل پر غور و خوض کیا گیا جن پر ان جماعتوں نے ایک متحدہ حکمت عملی بنانے پر زور دیا ۔ اس اجلاس میں شرد پوار کی جانب سے شروع کردہ دستور بچاؤ مہم اور دفاع ‘ ریٹیل اور شہری ہوابازی شعبہ جات میں 100 فیصد راست بیرونی سرمایہ کاری جیسے مسائل پر غور کیا گیا ۔ چونکہ آج کے اجلاس میں کئی اپوزیشن قائدین موجود نہیں تھے اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایک اور اجلاس یکم فبروری کو منعقد کیا جائیگا جس دن پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کیا جانے والا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یکم فبروری کے اجلاس میں اپوزیشن کے تمام قائدین شرکت کرینگے ۔ آج کے اجلاس میں شر کت کرنے والوں میں کانگریس سے غلام نبی آزاد اور آنند شرما ‘ نیشنل کانفرنس کے قائد فاروق عبداللہ ‘ سی پی آئی کے ڈی راجہ اور سی پی ایم کے ٹی کے تنگاراجن کے علاوہ جے ڈی یو کے علیحدہ شدہ گروپ کے لیڈر شرد یادو اور این سی پی کے کچھ دوسرے قائدین بھی شریک تھے ۔ امکان ہے کہ یکم فبروری کو ہونے والے اپوزیشن اجلاس میں کئی اور جماعتوں کے قائدین بھی شرکت کرینگے تاکہ ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے متحدہ حکمت عملی اختیار کرنے پر غور کیا جاسکے ۔ قبل ازیں آج دن میںشرد پوار نے کانگریس کے اعلی قائدین سے بھی اس سلسلہ میں بات چیت کی ۔ شرد پوار نے کانگریس لیڈر سونیا گاندھی ‘ پارٹی صدر راہول گاندھی سے ملاقات بھی کی تھی ۔