مرکز پر ریاستوں کے اختیارات سلب کرنے کا الزام

پندرہویں فینانس کمیشن کی شرائط پر اعتراض : وائی رام کرشنوڈو
امراوتی ۔ یکم اپریل ( پی ٹی آئی ) یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ مرکزی حکومت ریاستوں کے اختیارات سلب کر رہی ہے آندھرا پردیش کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے آج 15 ویں فینانس کمیشن کی شرائط پر شدید اعتراض کیا ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم پندرہویں فینانس کمیشن کیلئے جو شرائط و قواعد مقرر کئے گئے ہیں اس پر شدید اعتراض کرتے ہیں۔ ان شرائط میں فینانس کمیشن سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سفارشات اور فنڈز مختص کرتے ہوئے 2011 کی آبادی کو بنیاد بنانے ‘ جی ایس ٹی کو بڑھانے اور غریبوں کیلئے فلاحی اسکیمات کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کرے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال مرکز نے پہلے ہی غریبوں کیلئے سبسڈی کو ایک فیصد کم کردیا ہے ۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ مرکزی حکومت کو غریبوں کی کوئی فکر لاحق نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پندرہویں فینانس کمیشن کی شرائط میں مرکزی محاصل میں مرکز کے حصہ کو بڑ؍ا دیا گیا ہے اور ریاستوں کے حصے کو گھٹا دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ جن کم آمدنی والی ریاستوں کو زیادہ حصہ داری دینے کی تجویز ہے اس سے غیر کارکرد ریاستوں کیلئے زیادہ فنڈز مختص ہوجائیں گے ۔ اس سے جنوب کی ریاستوں کو شدید نقصان ہوسکتا ہے ۔