نئی دہلی۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکز اور انڈسٹری پٹرولیم اشیاء کو گڈز اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) میں شامل کرنے کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس بارے میں قطعی فیصلہ جی ایس ٹی کونسل کرے گی، وزیر تیل دھرمیندر پردھان نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جی ایس ٹی کونسل پٹرولیم اشیاء کو جی ایس ٹی دائرہ کار میں لانے کے بارے میں جو کچھ فیصلہ کرے، ہم اس پر قائم رہیں گے۔ پانچ پٹرولیم اشیاء پٹرول ، ڈیزل، قدرتی گیاس ، خام تیل اور اے ٹی ایف ہنوز جی ایس ٹی دائرہ کار سے باہر ہیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اُصولی طور پر حکومت ِ ہند اور وزارت پٹرولیم کی رائے ہے کہ پٹرو لیم اشیاء کو بھی جی ایس ٹی سسٹم کے تحت لایا جانا چاہئے۔ جی ایس ٹی کونسل ضروری غوروخوض کے ساتھ مناسب کارروائی مناسب وقت پر کرے گی۔