مرکز میں کانگریس کے اقتدار پر کانگریس قائدین کی شرط

حیدرآباد /2 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سینئر کانگریس قائد و رکن راجیہ سبھا پی گووردھن ریڈی اور رائلسیما کے کانگریس رکن اسمبلی جے سی دیواکر ریڈی کے درمیان مرکز میں تیسری مرتبہ کانگریس کے اقتدار کے مسئلہ پر بحث چھڑ گئی اور دونوں نے آپس میں شرط لگائی۔ آج سی ایل پی آفس میں پی گووردھن ریڈی اور جے سی دیواکر ریڈی کا جیسے ہی سامنا ہوا گووردھن ریڈی نے کہا کہ عام انتخابات میں کانگریس پارٹی تیسری بار مرکز میں اقتدار حاصل کرے گی، جس کا جواب دیتے ہوئے جے سی دیواکر ریڈی نے اسے خواب قرار دیا۔

پی گووردھن ریڈی نے کہا کہ اے آئی سی سی کے نائب صدر راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی ملک بھر میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی، اگر کانگریس ناکام ہوتی ہے تو وہ جے سی دیواکر ریڈی کو 1,116 روپئے ادا کرنے کے لئے تیار ہیں اور اگر کامیاب ہو گئی تو کیا جے سی دیواکر ریڈی انھیں ایک کروڑ روپئے ادا کریں گے؟۔ اس دوران جے سی دیواکر ریڈی نے شرط منظور کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے باوجود علاقہ تلنگانہ میں کانگریس کو شکست ہوگی، تاہم گووردھن ریڈی نے ان سے استفسار کیا کہ ’’کیا سیما۔ آندھرا میں کانگریس پارٹی کسی نشست پر کامیابی حاصل کرسکے گی؟‘‘۔