مرکز میں پھر نریندر مودی زیر قیادت حکومت قائم ہوگی

مختلف ایگزٹ پولس سے صورتحال واضح : ڈاکٹر لکشمن
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج کہا کہ نریندر مودی زیر قیادت حکومت مرکز میں آئندہ حکومت قائم کرے گی یہ بات اتوار کو دکھائے گئے مختلف ایگزٹ پولس سے صاف واضح ہے ۔ مرکز میں پھر نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کے قیام کے لیے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ وہ پہلے ہی سے یہ کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو اکثریت حاصل ہوگی ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تمام ایگزٹ پولس میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو سبقت اور اکثریت دکھائی گئی ہے ۔ بی جے پی شروع ہی سے یہ کہہ رہی ہے کہ وہ این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کے ساتھ اپنی حکومت قائم کرے گی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ بی جے پی شروع ہی سے یہ کہہ رہی ہے کہ پارلیمنٹ کے انتخابات ، اسمبلی انتخابات سے مختلف ہوتے ہیں اور اسمبلی انتخابات میں مقامی مسائل اہم ہوتے ہیں لیکن پارلیمانی انتخابات میں لوگ مختلف انداز میں ووٹ کا استعمال کرتے ہیں ۔۔