مرکز میں وفاقی محاذ کے قیام کی کوششوں میں شدت

حیدرآباد24اپریل(سیاست نیوز) ٹی آرایس سربراہ و تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے مرکز میں غیر کانگریسی ،غیر بی جے پی وفاقی محاذ کی تشکیل کیلئے اپنی کوششوں میں شدت پیداکردی ہے ۔اس کیلئے انہوں نے متعلقہ ریاستوں کادورہ کرتے ہوئے مختلف جماعتوں کے لیڈران سے ملاقات کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس مسئلہ پر اوڈیشہ کے وزیراعلی نوین پٹنائک،مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی ، اترپردیش کے سابق وزرائے اعلی اکھلیش یادو،مایاوتی سے ملاقات کی تھی ۔بعد ازاں انہوں نے پارلیمانی انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز کردی تھی۔کے سی آر ملک میں عام انتخابات کی تکمیل کے بعد مختلف ریاستوں کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں ، وہ 23مئی کو عام انتخابات کے نتائج کے اعلان سے قبل اس وفاقی محاذ کی بنیاد کو مستحکم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔