کولکتہ 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنی پارٹی کی مہم شروع کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی نے آج کہا کہ ان کی پارٹی 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کریگی ۔ انہوں نے وفاقی سطح پر غیر کانگریسی و غیر بی جے پی جماعتوں کے ایک محاذ کی ضرورت پر زور دیا ۔ یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کانگریس اور بی جے پی دونوں پر تنقید کی اور کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں موروثی حکومت قائم ہو اور ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ مرکز میں فسادیوں کی حکومت قائم ہو ۔ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی عوامی حکومت قائم ہو۔ ممتابنرجی اس سے قبل مرکز میں کانگریس زیر قیادت یو پی اے اور بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کے ساتھ اقتدار میں شریک رہ چکی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی پارٹی بی جے پی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کریگی ۔ کانگریس یا بی جے پی کے علاوہ مارکسسٹوں کے ساتھ کسی اتحاد کا امکان مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ علاقائی جماعتوں پر مشتمل ایک وفاقی محاذ قائم ہوسکے جو متبادل کے طو رپر ابھرتے ہوئے ریاستوں کے مفادات کا تحفظ کرے اور انہیں مستحکم کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگرا یسا کوئی محاذ حکومت بنا نے کے موقف میں ہوگا تو ان کی پارٹی اس کی تائید کریگی ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ ان کی پارٹی آئندہ انتخابات کے بعد علاقائی جماعتوں کو یکجا کرتے ہوئے ایک علاقائی جماعتوں پر مشتمل محاذ کی حکومت بنانے کی کوشش کریگی ۔
انہوں نے ایسی کسی بھی حکومت کی باہر سے تائید کا ارادہ ظاہر کیا اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر ہم تائید کرینگے ۔ ہمیں اقتدار یا کرسی کا کوئی لالچ نہیں ہے ۔ممتابنرجی نے کہا کہ ترنمول لوک سبھا انتخابات میں اکیلے ہی مقابلہ کرے گی اور اپنی اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ وفاقی محاذ تشکیل دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فی الحال ترنمول کانگریس ہی واحد متبادل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کانگریس، بی جے پی، سی پی آئی (ایم) اور بدعنوانیوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسی حکومت نہیں چاہتے جو فسادات کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ آنے والے دنوں میں بنگال ہی وہ ریاست ہوگی جو پورے ہندوستان کو ایک نیا راستہ دکھائے گی۔
انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہرائی اور کہا کہ کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کو شکست فاش دینا ہمارا کلیدی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، کانگریس کی متبادل نہیں ہوسکتی۔ کانگریس، بی جے پی کی متبادل نہیں ہوسکتی۔ ہم ملک میں بادشاہت نہیں چاہتے لہٰذا ترنمول ایک وفاقی محاذ تشکیل دے گی۔ ہم دہلی میں حکومت میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد ترنمول کانگریس ہی نئی حکومت کی تشکیل میں اہم رول ادا کرے گی۔ اگر عوام چاہتے ہیں کہ اس معاملہ میں بنگال اہم رول ادا کرے تو ہمیں زیادہ سے زیادہ نشستوں پر کامیابی سے ہمکنار کیجئے۔ انہوں نے اس وقت نیتاجی سبھاش چندر بوس کے ’’دلی چلو‘‘ نعرہ کو بار بار دہرایا۔