حیدرآباد ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست نیوز ) سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج الزام عائد کیا کہ مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی زیر قیادت حکومت دراصل ’’آر ایس ایس کی حکومت ہے‘‘۔ سی پی آئی ایم تلنگانہ یونٹ کی ریاستی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرکاش کرت نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت در حقیقت آر ایس ایس کی حکومت ہے۔ آر ایس ایس نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ بہترین موقع ہے کہ ہندوتوا پراجکٹ کو تیزی سے روبہ عمل لایا جائے اس لئے ہم ملک میں اقلیتوں کے تبدیلی مذہب کے واقعات دیکھ رہے ہیں ۔ گھر واپسی کی مہم کے ذریعہ ہندوتوا طاقتیں سرگرم ہیں۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ پسماندہ اور پچھڑے ہوئے اقلیتیں ہی ان لوگوں کا آسان نشانہ بن رہے ہیں۔ ذبیحہ گاؤ کے جواب میں مسلمانوں کو ہندو بنانے کی مہم شروع کی گئی ہے ۔ عوام کو فرقہ وارانہ خطوط پر منقسم کرنے کیلئے کئی طریقہ اختیار کئے جارہے ہیں۔ مودی حکومت کی شکل میں مرکز پر ہندوتوا کا راج ہے ۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ مودی حکومت موافق سامراجیت ایجنڈہ رکھتی ہے ۔ ہندوستان کی سیاست میں بائیں بازو پارٹیوں کے مستقبل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں کا ہی مستقبل مستحکم ہے۔ حالیہ دنوں میں مرکزی حکومت کی جانب سے جو آرڈیننس جاری کئے گئے وہ صرف اور صرف بڑے سرمایہ داروں کیلئے ہی فائدہ بخش ہیں کیونکہ غریب افراد کو ہر لحاظ سے مشکلات و مصائب سے دوچار کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت کارپوریٹ طاقتوں ( شعبہ کو ) کو مکمل آزادی فراہم کررہی ہے ۔ انھوں نے مرکزی حکومت پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت صرف سرمایہ دار طبقہ کو مزید دولت مند بنانے کے ہی اقدامات کررہی ہے ۔ مسٹر پرکاش کرت نے اس بات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت قومی دیہی روزگار طمانیت اسکیم قوانین کے خلاف اقدامات کررہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ملک میں پائے جانے والے لیبر قوانین کو بھی ختم کرنے اور نقصان پہونچانے کیلئے مرکزی این ڈی اے حکومت کوشش کررہی ہے ۔قبل ازیں سی پی آئی ایم تلنگانہ کمیٹی کی پہلی کانفرنس کا سینئر سی پی آئی ایم قائد و مسلح جہد کار شریمتی ملو سواجیم نے آج صبح میں سندریا اگیان کیندرم میں افتتاح کیااور سب سے پہلے انھوں نے سی پی آئی ایم کا پرچم لہرایا ۔ سی پی آئی ایم کی یہ کانفرنس چار دن تک جاری رہے گی اور 4مارچ کو نظام کالج گراؤنڈ پر سی پی آئی ایم کا بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا ۔ مسٹر پی مدھو سکریٹری سی پی آئی ایم آندھراپردیش کمیٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائی جانے والی معاشی پالیسیاں، ورکروں کے حقوق کو ہڑپ کرنے جیسے ہیںاور گزشتہ (9) ماہ کے دوران مسٹر نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت نے عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ انھوں نے لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کیخلاف مرکزی حکومت کے اقدامات پر اپنی شدید برہمی کا اظہارکیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کے گزشتہ دن پیش کردہ بجٹ انتہائی مایوس کن رہا ۔ انھوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ملک و ریاست آندھراپردیش اور تلنگانہ میں بائیں بازو جماعتیں ہی عوام کی فلاح و بہبود و مسائل کی یکسوئی کیلئے اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انھوں نے مرکزی و ریاستی حکومتوں کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج اور جدوجہد کرنے کی عوام سے پرزور اپیل کی ۔