نئی دہلی۔18مئی( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز میں حکومت سازی کا عمل تیز ہوگیا ہے ۔ نامزد وزیراعظم نریندر مودی نے آج بی جے پی کے سرکردہ قائدین بشمول ایل کے اڈوانی سے تشکیل حکومت کے بارے میںتبادلہ خیال کیا ۔ نریندرمودی نے اڈوانی کے گھر پہنچ کر تقریباً 40منٹ اُن سے بات کی ‘ اُس وقت مودی کے قریبی ساتھی امیت شاہ بھی موجود تھے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری اننت کمار نے بھی مودی سے پہلے اڈوانی کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی ۔ یہی نہیں بلکہ بی جے پی قائدین وینکیا نائیڈو ‘ کالراج مشرا اور ہرش وردھن نے آر ایس ایس دفتر گئے جہاں انہوں نے سینئر قائدین سے تبادلہ خیال کیا ۔ وینکیا نائیڈو نے آر ایس ایس لیڈرس سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ کی تشکیل وغیرہ جیسے اُمور پر کوئی بات نہیں ہوئی ۔ہرش وردھن نے کہا ک بی جے پی قائدین وقفہ وقفہ سے آر ایس ایس دفتر جایا کرتے ہیں اور انہوں نے اس ملاقات کو کابینہ کی تشکیل سے مربوط کرنے کو غلط قرار دیا ۔
مودی نے اپنے قریبی ساتھی امیت شاہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے پارٹی جنرل سکریٹری جے پی نادا‘ سابق چیف منسٹر اور کرناٹک کے مرد آہن بی ایس یدی یورپا ‘ بہار کے بی جے پی انچارج دھرمیندر پردھان سے بھی بات چیت کی ۔ بہار میں چیف منسٹر نتیش کمار کے استعفی کے بعد رونما ہوئی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ بی جے پی بہار میں کیا صورتحال تبدیل ہوتی ہے اس کا دیکھو اور انتظار کرو پر عمل کررہی ہے ۔ جنتادل (یو) لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے جس میں نئے چیف منسٹر کا انتخاب کیا جائے گا ۔ اس دوران نریندر مودی کو وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لینے سے قبل 20مئی کو بی جے پی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں رسمی طور پر لیڈر منتخب کیا جائے گا ۔ بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ این ڈی اے کی حلیف پارٹیوں کو بھی اس اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے
جس میں مخلوط حکومت کا لیڈر منتخب کیا جائے گا ۔ نریندر مودی کا کل دہلی میں شاندار خیرمقدم کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ وارانسی پہنچے تھے جہاں انہوں نے گنگا ندی میں ڈوبکی لگائی اور خصوصی پوجا کی تھی۔ گنگا آرتی کے بعد وہ دہلی واپس ہوئے ہیں۔ اس دوران ناگالینڈر کے چیف منسٹر این ریئیو نے واحد پارلیمانی حلقہ سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد گجرات بھون میں نریندر مودی سے ملاقات کی۔ حکمراں ناگا پیپلز فرنٹ کے نامزد امیدوار ریئیو نے بی جے پی سے ماقبل انتخابات اتحاد کیا تھا۔ 16مئی کو بھی انہوں نے مودی کو فوری کر کے مبارکباد دی تھی۔ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سے بھی گجرات بھون میں مودی سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دی۔ اپنی 30منٹ کی ملاقات میں وسندھرا راجے نے مودی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے بی جے پی میں ورکرس میں نیا جوش و خروش پیدا کر کے اپنی قیادت کو مضبوط بنایا
اور بی جے پی کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کروایا۔ نریندر مودی نے وسندھرا راجے کو بھی مبارکباد دی کہ ان کی ریاست راجستھان میں پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ نریندر مودی نے دن بھر پارٹی قائدین سے بات چیت کرنے کے بعد پارٹی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی سے ملاقات کی۔ آئندہ حکومت تشکیل دینے کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا۔ بظاہر انہوں نے یہ اشارہ دیا کہ اہم فیصلوں میں پارٹی کے 86سالہ لیڈر کو بھی شامل کیا جائے گا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اننت کمار بھی مودی کی آمد سے قبل ایل کے اڈوانی کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے ایک دن بعد اڈوانی کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی ہے۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ ‘ پارٹی کا اعلیٰ فیصلہ سازادارہ ہے۔ آئندہ حکومت کی تشکیل کے بارے میں بڑے پیمانے پر مشاورت جاری ہے۔