آندھرا پردیش میں وائی ایس آر سی پی کو 140 اسمبلی اور 25 لوک سبھا حلقوں میں کامیابی: شرمیلا
حیدرآباد /7 مئی (سیاست نیوز) مسز شرمیلا نے 140 اسمبلی اور 25 لوک سبھا حلقوں پر وائی ایس آر کانگریس کی کامیابی کا ادعا کیا۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش (سیما۔ آندھرا) میں عوام ہمیشہ ان کے درمیان رہنے والے جگن موہن ریڈی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تیسرا محاذ ہماری اولین ترجیح ہوگی، جب کہ نریندر مودی اور سونیا گاندھی دونوں سے ہمارے اختلافات نہیں ہیں۔ مابعد انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اتحاد کس سے؟ یہ مسئلہ نہیں ہے، تاہم اتحاد کیوں؟ یہ سوچنے والی بات ہے، لہذا وائی ایس آر کانگریس صرف سیما۔ آندھرا کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد سیما۔ آندھرا کے لئے نیا دارالحکومت، نوجوانوں کے لئے ملازمتیں، ہر ضلع کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ این ڈی اے میں شمولیت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور سونیا گاندھی سے ہماری کوئی دشمنی نہیں ہے، تاہم ہم انتظار کریں گے کہ مرکز میں این ڈی اے یا یو پی اے دونوں میں سے کس کو اکثریت حاصل ہوتی ہے۔ ’’وائی ایس آر سی پی کس کو ترجیح دے گی؟‘‘ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح تیسرا محاذ ہے، تاہم ریاست کے مفادات ہمیں زیادہ عزیز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں پراجکٹس کے لئے بھاری فنڈس کی ضرورت ہے، لہذا جو بھی محاذ ہماری ضرورتوں کو پورا کرے گا، ہم اس کا ساتھ دیں گے۔