مرکز قیمتوں میں اضافہ پر کنٹرول میں ناکام: سی پی آئی

پڈوچیری۔ 12؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ سی پی آئی نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت افراط زر اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت مکمل طور پر افراط زر اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کو کچلنے میں ناکام رہی ہے۔ یہ اسی راستہ پر جارہی ہے جس پر کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت جارہی تھی۔ سی پی آئی کی قومی کونسل کے سکریٹری ڈی راجہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ افراط زر اور قیمتوں میں اضافہ کی دونوں لعنتوں کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سی پی آئی 16 اکٹوبر سے قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ایک ملک گیر مہم کا آغاز کرے گی۔