مرکز سے تلنگانہ کے لئے ایک لاکھ کروڑ کا فنڈ: بی جے پی

حیدرآباد۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر مسٹر جی کشن ریڈی نے آج یہ ادعا کیا کہ بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت نے ریاست تلنگانہ کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپئے سے زائد فنڈس فراہم کئے ہیں۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر پنچایت راج کے تارک راما راؤ کے اس چیلنج کو قبول کرلیا ہے کہ اگر بی جے پی نے مرکز سے فنڈس حاصل کرنے کی کوشش کی ہے تو دستاویزی ثبوت پیش کرے۔ انھوں نے کہا کہ ثبوت پیش کرنے کے لئے تیار ہیں، بشرطیکہ تارک راما راؤ مجوزہ بلدی انتخابات سے دست برداری کا اعلان کریں۔ مسٹر کشن ریڈی نے دریافت کیا کہ مرکزی حکومت کے تعاون کے بغیر ریاستی حکومت فلاحی اسکیمات پر آیا عمل درآمد کرسکتی ہے؟۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری فنڈس کے غبن اور دھاندلیوں میں ٹی آر ایس قائدین ملوث ہیں اور کہا کہ مجوزہ بلدی انتخابات میں تلگودیشم کی کامیابی کے خوف سے ٹی آر ایس قائدین بی جے پی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔