بی سی ویلفیر کمیٹی کی دہلی میں وینکیا نائیڈو سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کی بی سی ویلفیر کمیٹی کے ارکان نے نئی دہلی میں نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی۔ کمیٹی کے صدر وی گنگا دھر گوڑ کی قیادت میں وفد کے ارکان آر کرشنیا ، پی سدھاکر ریڈی اور وٹھل ریڈی نے نائب صدر جمہوریہ سے اپیل کی کہ ملک میں پسماندہ طبقات کی زائد آبادی کو دیکھتے ہوئے مرکز میں بی سی ویلفیر کی علحدہ وزارت قائم کی جائے۔ وفد نے وینکیا نائیڈو کو ایک یادداشت پیش کی ۔ کمیٹی کے صدر گنگا دھر گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کی بہبود کیلئے حکومت نے زائد بجٹ مختص کیا ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں ہر سال بجٹ میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کو بھی پسماندہ طبقات کی بھلائی کے بجٹ میں اضافہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے بی سی تحفظات سے متعلق زمرہ بندی کا عمل جلد مکمل کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے پسماندہ طبقات کی بھلائی اور ان کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے کے سی آر حکومت کی مختلف اسکیمات سے واقف کرایا ۔ گنگادھر گوڑ نے کہا کہ بی سی طبقہ کے طلبہ کو بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے 20 لاکھ روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ بی سی طبقات کیلئے 124 اقامتی اسکول قائم کئے گئے۔ کمیٹی کے صدرنشین نے نائب صدر جمہوریہ کو تہنیت پیش کی۔