مرکز سے اقلیتی طلبہ کے اسکالر شپس کے لیے شیڈول کا عدم اعلان

پری میٹرک اسکالر شپس کے بقایہ جات بھی باقی ، ہزارہا طلبہ پریشان حال
حیدرآباد۔ 29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے مرکزی حکومت کی اسکالرشپ کے سلسلہ میں جاریہ تعلیمی سال ابھی تک درخواستوں کی وصولی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا جبکہ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں مرکزی وزارت اقلیتی بہبود کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ جاریہ سال کی مرکزی اسکالرشپ کی اجرائی سے قبل گزشتہ سال کے پری میٹرک اسکالرشپ کے بقایہ جات کی ادائیگی ابھی باقی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے اس اسکیم پر عمل آوری کی جاتی ہے۔ تعلیمی سال 2013-14 ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش حکومتوں کو پری میٹرک اسکالرشپ کی 25 فیصد رقم بطور میچنگ گرانٹ جاری نہیں کی گئی جس کے باعث ہزاروں اقلیتی طلبہ اسکالرشپ سے محروم ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق پری میٹرک اسکالرشپ کی میچنگ گرانٹ کے طور پر جملہ 20 کروڑ 57 لاکھ کی اجرائی باقی ہے جس میں آندھراپردیش حکومت کا حصہ 12 کروڑ ہے جبکہ تلنگانہ حکومت کو 8 کروڑ 57 لاکھ روپئے جاری کرنے ہیں۔ کارپوریشن کی جانب سے توجہ دہانی کے بعد آندھراپردیش حکومت نے میچنگ گرانٹ کی اجرائی کا جی او جاری کردیا ہے لیکن یہ رقم ابھی تک فینانس کارپوریشن تک نہیں پہنچی جبکہ تلنگانہ حکومت نے گرانٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ تعلیمی سال 2013-14 ء کے تحت پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالرشپ کے تحت جملہ 3 لاکھ 55 ہزار 747 طلبہ کو اسکالرشپ کی اجرائی کا نشانہ تھا جس میں سے 2 لاکھ 77 ہزار 788 طلبہ میں 76 کروڑ 85 لاکھ روپئے جاری کردیئے گئے۔ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس کے نشانہ کی تکمیل ہوچکی ہے۔ تاہم پری میٹرک اسکالرشپ کے سلسلہ میں کارپوریشن کو دونوں حکومتوں سے میچنگ گرانٹ کی اجرائی کا انتظار ہے۔ 77 ہزار 959 طلبہ میں 20 کروڑ 57 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ دونوں ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اسکالرشپ کے سلسلہ میں اقلیتی بہبود فینانس کارپوریشن کے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔