تلنگانہ کیلئے 471 کروڑ روپئے کی امداد کو منظوری
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز ) مرکز سے فراخدلانہ معاشی امداد حاصل کرنے آندھرا پردیش کی کوششوں کے دوران مرکزی حکومت نے ریاست کیلئے معاشی امداد کی آخری قسط کے طور پر 900 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ یہ مدد نئے دارالحکومت شہر کی تعمیر ‘ پولاورم آبپاشی پراجیکٹ کے اخراجات سے نمٹنے اور مالیاتی سال 2015 – 16 کے مالیاتی خسارہ سے نمٹنے کیلئے جاری کی گئی ہے ۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ برائے سئینس و ٹکنالوجی وائی سوجنا چودھری نے اعلان کیا کہ مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کیلئے اے پی تنظیم جدید قانون کے تحت 900 کروڑ روپئے کی امدادی جاری کی ہے ۔ مسٹر چودھری نے بتایا کہ 200 کروڑ روپئے نئے دارالحکومت شہرا مراوتی کی تعمیر کیلئے مدد کے طور پر جاری کئے گئے ہیں جبکہ 200 کروڑ روپئے پولاورم پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے مدد کے شامل ہیں۔ مابقی 500 کروڑ روپئے مالیاتی خسارہ سے نمٹنے کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو سی ایس ٹی بقایہ جات کے طور پر جلد ہی مزید 650 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ حالانکہ مرکزی وزیر نے اے پی کیلئے 900 کروڑ روپئے امداد کا اعلان کیا ہے تاہم نیتی آیوگ نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعہ بتایا کہ اے پی کو 700 کروڑ روپئے اور تلنگانہ کو 471 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ یہ رقم ایک وقتی مدد کے طور پر جاری کی گئی ہے جس کا اے پی تنظیم جدید قانون میں وعدہ کیا گیا تھا ۔ ریاست آندھرا پردیش مرکز سے کثیر رقمی امداد کے حصول کی کوشش کر رہی تھی ۔