حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی یو ایم ایس کورس میڈیکل زمرہ کا ایک اہم ترین کورس ہے ۔ اس کے بعد طالب علم ڈاکٹر بن سکتا ہے کوئی اور کورس میں اپنے نام کے ساتھ کچھ نہیں لکھ سکتے ۔ یونانی کے علاوہ دیگر انڈین طریقہ طب میں ہومیو پیتھی ایورویدک ، نیچرپتی یوگا ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر میر یوسف علی ایڈیشنل ڈائرکٹر محکمہ ایوش حکومت تلنگانہ نے یہاں عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں ادارہ سیاست کے زیر اہتمام بی یو ایم ایس انٹرنس کوچنگ کے افتتاحی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت محکمہ ایوش کے لیے علحدہ وزارت بنائی ہے ۔ مرکز اور ریاستی حکومتیں ان دیسی طریقہ طب کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور ہر ممکنہ مدد تعاون کررہے ہیں ۔ یونانی کے علاوہ طلبہ ایورویدک اور ہومیو پیتھی بھی کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بی یو ایم ایس میں سابق میں طلبہ کم داخلے لے رہے تھے اور نظامیہ طبی کالج میں کئی نشستیں مخلوعہ رہ جاتی تھیں۔ اس وقت ادارہ سیاست نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی ذاتی اور خصوصی دلچسپی سے کوچنگ کلاسیس کا اہتمام کیا اور گذشتہ 15 ، 16 برسوں سے یہ سلسلہ جاری ہے جس کے کافی ثمر آور نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ اور آج نہ صرف تمام نشستیں پر ہورہی ہیں بلکہ سخت مسابقت ہے ایک نشست کے لیے 1:10 کے تناسب سے مقابلہ ہے ۔ بی یو ایم ایس کے کورس سے متعلق ڈاکٹر یوسف علی نے کہا کہ ان کا دیرینہ تجربہ ہے ۔ اس کورس کے بعد طلبہ سرکاری ملازمت حاصل کرسکتے ہیں خود کا کلینک چلا سکتے ہیں اور ایلوپیتھی کی معلومات پر علاج بھی کرسکتے ہیں ۔ طلبہ کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے ان کو مفید مشورے دئیے۔ ابتداء میں ایم اے حمید نے خیر مقدم کیا اور طلباء طالبات کو بی یو ایم ایس انٹرنس کورس ، کونسلنگ کی تفصیلات بتائی ۔ جناب اکبر الدین صدیقی نے اپنے دیرینہ تجربہ کے حوالہ سے طلبہ کو کامیابی کے گر بتائے ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت اے پی جو اس کوچنگ کے کوآرڈینٹر ہے ۔ ان کی ذاتی نگرانی میں ماہر اور تجربہ کار لکچررس اکبر الدین صدیقی ، کلیم جلیلی اور اکبر علی کی خدمات حاصل ہیں ۔ خالد محی الدین اسد نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر خواجہ عمر علی اور تمیز الدین احمد نے بھی مخاطب کیا ۔ طلباء وطالبات کے سوالات کے جوابات دئیے گئے ۔۔