مرکز اور جموں وکشمیر میں اگلی حکومت کانگریس کی ہوگی: غلام احمد میر

سری نگر، 12 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں اگلی حکومت کانگریس پارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ، راجستھان اور مدھیہ پردیش کے انتخابی نتائج سے واضح ہوگیا ہے کہ ملک میں نفرت کی سیاست نہیں چل سکتی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار برس کے دوران تقسیم کی سیاست چلائی۔ غلام احمد میر بدھ کے روز یہاں کانگریس کے نو منتخب بلدیاتی اراکین کی تہنیتی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا ‘ریاست میں حال ہی میں منعقد ہوئے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات میں کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارپورٹر، سرپنچ اور پنچ منتخب ہوکر آئے ۔ چونکہ اسمبلی اب تحلیل ہوچکی ہے ، اسمبلی انتخابات اپریل یا مئی میں ہونے والے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ جموں وکشمیر میں کانگریس پارٹی سب سے بڑی جماعت ابھرکر سامنے آئے گی’۔ انہوں نے کہا ‘آپ نے کل پورے ملک کا ماحول دیکھا۔ اس دیش میں نفرت کی سیاست نہیں چل سکتی۔ مودی حکومت نے گذشتہ ساڑھے چار برس کے دوران ملک کو تقسیم کرنے کی جو سیاست چلائی، ان کو اس کا جواب چھتیس گڑھ، راجستھان اور مدھیہ پردیش سے ملا۔ مجھے امید ہے کہ اگلے سال منعقد ہونے والے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت ابھر کر سامنے آئے گی’۔