مرکز الثقافۃ السنیہ کی آئندہ ماہ کالی کٹ میںبین الاقوامی کانفرنس

کالی کٹ25دسمبر(سیاست ڈاٹ کام )جنوبی ہند کالی کٹ کیرالا کی مشہور ومعروف دینی وعصری اسلامی یونیورسٹی جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ اپنے 40 ویں یوم تاسیس پر عظیم الشان بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کررہا ہے جس میں ایک ہزار کے قریب طلباکو دستار فضیلت سے نوازا جائے گا۔اس چہار روزہ کانفرنس کے موقع پر امت مسلمہ کی ملی ومذہبی مسائل کاتدارک ،قومی نمائندگی ،فروغ تعلیم جیسے کئی اہم مسائل کیلئے مستقبل کا لائحہ عمل بھی تیار کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا سنی جمعیۃ العلما کے جنرل سکریٹری شیخ ابوبکر احمد نے آج یہاں جاری بیان میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ کانفرنس کا مقصدملی ،مذہبی ،فلاحی امور کی نمائندگی کرکے قوم کو صحیح راستہ کی رہنمائی کرنا ہے ۔عالمی مبلغین اور قائدین امہ کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر دعوت دین کی انقلابی تحریک قائم کرنا ہے ۔علاوہ ازیں ملک بھر میں فروغ تعلیم اور دعوتی تحریک ،کفالت ایتام کو مضبوط کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ کانفرنس ایشا میں اپنی نوعیت کی منفرد ہوگی جسکے دورس نتائج برآمد ہونگے ۔واضح رہے کہ جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ ہر دوسال پر عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کرتا ہے ۔امسال یہ کانفرنس آئندہ ماہ 4 ، 7جنوری کو منعقد ہورہی ہے ۔جس میں ملک وبیرون ممالک کے نمائندہ شخصیات ،اہل قلم ،دانشواراں،عمائدین سمیت 5لاکھ فرزندان توحید شریک ہورہے ہیں ۔واضح رہے کہ جامعہ مرکز الثقافہ نے 40سالہ قلیل مدت میں ملک وبیرون ممالک میں تعلیمی،دعوتی،رفاہی طور پر جو مقام وشہرت حاصل کیاہے وہ کسی پر مخفی نہیں ہے ۔اس وقت صحن جامعہ میں 25ہزار طلبہ وطالبات مختلف شعبہ جات میں زیور تعلیم وتربیت سے آراستہ وپیراستہ ہورہے ہیں ۔جامعہ کے ماتحت ملک بھر میں350تعلیمی ادارے اور ملی ورفاہ عامہ کے سینکڑوں سنٹرس چلائے جارہے ہیں۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اب تک 5ہزار مساجد کی تعمیر ،10ہزار بورویل کا قیام ،2000ہزار یتیموں کی کفالت ،500 مدارس کا قیام عمل میں آچکا ہے ۔ تعمیری وتعلیمی ترقیات کا بڑی تیزی کے ساتھ کامیابی کی منزل کی طرف رواں دواں ہے ۔شیخ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے ۔