مرکز ، مزید لیبر اصلاحات لانے سنجیدہ

حیدرآباد۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر مملکت برائے لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے آج کہا کہ انہوں نے اصلاحات لانے کا تہیہ کیا ہے لیکن اس کا مطلب لیبر سے ناانصافی نہیں ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے زیراہتمام آج یہاں یونین کے دفتر میں منعقدہ ’’صحافت سے ملاقات‘‘ پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے محنت کش طبقہ کے مفادات کا تحفط کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور لیبر قوانین پر موثر عمل کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ دتاتریہ نے کہا کہ مودی حکومت مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ان اسکلڈ لیبرس کو ٹریننگ فراہم کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ انہیں جابس اور خودروزگار حاصل کرنے میں مدد ہو۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار میں بہتری کیلئے ملک میں سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کی ترغیب کیلئے ملک میں مزید لیبر اصلاحات لانے کیلئے سنجیدہ ہے۔ وہ پورے ملک کا دورہ کرتے ہوئے ریاستی حکومتوں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے اور لیبر کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔ پرائمری سطح سے وکیشنل کورسیس کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ان کی وزارت کی جانب سے حال میں آسٹریلیا کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ہیں جو اس ملک کو سائنس میں کام کرنے کیلئے اسکلڈ میان پاور فراہم کرنے سے متعلق ہے۔ جب ان کی توجہ 5 ڈسمبر کو سنٹرل ٹریڈ یونینس کی مجوزہ ہڑتال کی طرف مبذول کروائی گئی تو دتاتریہ نے کہا کہ وہ مختلف یونینس کی ایک میٹنگ پھر طلب کریں گے اور مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔