مرکزی گنیش جلوس میں پڑوسی ریاستوں کے افراد کی کثیر تعداد

حیدرآباد۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گنیش نمرجن جلوس کا مشاہدہ کرنے کیلئے پہنچنے والی کثیر تعداد میں بیرونی افراد کی بہتات دیکھی گئی ہے۔ چارمینار تا بشیر باغ سڑک کے دونوں جانب گنیش جلوس کے مشاہدہ کرنے والوں میں شہر و ریاست سے تعلق رکھنے والے افراد سے زیادہ مہاراشٹرا، کرناٹک، آندھرا پردیش و دیگر پڑوسی ریاستوں کے افراد کی قابل لحاظ تعداد دیکھی گئی جن میں بعض تنہا تھے تو بعض افراد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ موجود تھے۔ گزشتہ برسوں کے دوران پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں بیرونی افراد کو گنیش نمرجن جلوس کے مشاہدہ کیلئے شہر میں دیکھا گیا۔ حسین ساگر، لال دروازہ، معظم جاہی مارکٹ، شاہ علی بنڈہ کے علاوہ بعض دیگر علاقوں میں بھی بیرونی افراد کی کثیر تعداد جلوس میں موجود تھی۔ پولیس کی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے بیرونی افراد کی اچانک اتنی بڑی تعداد میں جلوس کے دوران موجودگی پر نہ صرف حیرت کا اظہار کیا بلکہ جلوس کی گذر گاہوں پر خصوصی نظر رکھنے بروقت اقدامات کئے گئے۔ کئی علاقوں بالخصوص پتھر گٹی ، مدینہ بلڈنگ چوراہا، عابڈس، بشیر باغ، حمایت نگر کے علاوہ دیگر اہم علاقوں میں پولیس کے مستعد دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتِ حال پر بروقت قابو پایا جاسکے۔ جلوس کی گزر گاہوں پر جہاں اکثریتی طبقہ کے عقیدت مندوں کی جانب سے جلوسیوں میں غذائی پیاکٹس تقسیم کئے جاتے ہیں، ان مقامات پر طویل قطاروں سے غذائی پیاکٹس کی تقسیم کے مراکز کی نگران کاروں نے بھی حیرت کا اظہار کیا کہ اتنی بڑی تعداد میں جلوس میں اچانک لوگ کیسے پہونچے۔ شہر میں گنیش نمرجن جلوس کے دوران جلوس کے راستوں پر پولیس کی جانب سے خفیہ کیمروں کے علاوہ انٹلیجنس ایجنسیوں نے گہری نظر رکھی ہوئی تھی۔ وقتاً فوقتاً جلوس کے راستوں پر انسداد بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ تلاشی لی جارہی تھی۔ مرکزی مقامات پر عوام کی بڑی تعداد کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس نے خصوصی طور پر والینٹیرس کی خدمات بھی حاصل کی تھیں جوکہ جلوس میں موجود عوام کو تیزی سے آگے بڑھنے کا مشورہ دیتے دیکھے گئے۔