مرکزی کابینہ میں شمولیت پر چیف منسٹر کے سی آر کے فیصلہ پر انحصار

عہدہ کیلئے مرکز کی تائید کے الزام کی تردید ، کے کویتا کا بیان
حیدرآباد ۔ 28۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کویتا نے واضح کیا کہ مرکزی کابینہ میں شمولیت کے مسئلہ پر پارٹی میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ قطعی فیصلہ کریں گے۔ جگتیال میں آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے مرکزی کابینہ میں ان کی شمولیت سے متعلق سوالات کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی کابینہ میں شمولیت کے بارے میں ابھی تک کوئی مذاکرات نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کا فیصلہ ہی قطعی ہوگا اور فی الوقت اس طرح کے کوئی امکانات نہیں ہے ۔ انہوں نے نوٹ بندی کے مسئلہ پر مرکز کی تائید کو مرکزی کابینہ میں شمولیت سے جوڑنے کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ عہدہ کیلئے مرکز کی تائید کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ کویتا نے بتایا کہ ناگزیر حالات میں تلنگانہ حکومت نے نوٹ بندی کے فیصلہ کی تائید کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 50 دن گزرنے کے بعد مرکز عوام کی تکالیف کم کرنے کیلئے ٹھوس قدم اٹھائے گا ۔ کویتا نے غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات اسکیم پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی اس اسکیم کے بارے میں بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے ۔ ملک میں پہلی مرتبہ کسی ریاست میں اس طرح کی منفرد اسکیم شروع کی گئی جس میں غریبوں سے ایک پیسہ لئے بغیر انہیں مکان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سابق میں مکانات کی اسکیم میں کئی دھاندلیاں کی گئیں اور عوامی رقومات کرپٹ افراد کے جیبوں میں گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو موجودہ اسکیم پر تنقید سے قبل اپنے دور حکومت میں کرپشن کا جائزہ لینا چاہئے ۔