مرکزی کابینہ سے دتاتریہ کا اخراج اچھا اشارہ نہیں

بیوروکریٹس کو شامل کرنے کا خیر مقدم ‘ کے ٹی آر کے ٹوئیٹس
حیدرآباد 3 ستمبر ( آئی این این ) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے مرکزی کابینہ میں رد و بدل کے دوران بنڈارو دتاتریہ کے اخراج پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مرکزی کابینہ میں رد و بدل کیا ہے اور دتاتریہ کو کابینہ سے علیحدہ کردیا گیا ہے ۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ حالانکہ انہوں نے تلنگانہ کیلئے کوئی قابل قدر کام نہیں کیا ہے لیکن مرکزی حکومت سے ریاست کے واحد نمائندہ کو بھی نکال باہر کردیا ہے اور یہ اچھا اشارہ نہیں ہے ۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹوئیٹ کے جواب میں ہونے والے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔ ان سوالات میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ آیا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ریاستی کابینہ میں ریاست کے تمام 31 اضلاع کو نمائندگی دی گئی ہے ؟ ۔ ان سے کے سی آر کی کابینہ میں کسی خاتون کی عدم موجودگی پر بھی سوال کیا گیا ہے ۔ ایک اور ٹوئیٹ میں کے ٹی آر نے سابق بیوروکریٹس کو کابینہ میں شامل کرنے کی ستائش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھا اشارہ ہے کہ بیورو کریٹس کو جگہ دی گئی ہے جنہیں تجربہ حاصل ہے اور وہ صاف امیج رکھتے ہیں۔