خودکشی کے واقعات کے پیش نظر حکومت کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 22 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ 3 سال کے دوران جملہ 228 سی آر پی ایف کے جوانوں نے خودکشی کرلی ہے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ جاریہ سال کے آغاز سے نیم فوجی دستوں سے یوگا کو لازم کردیا گیا ہے ۔ مملکتی وزیر داخلہ مسٹر کرن رجیجو نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 228 سی آر پی ایف جوانوں نے خودکشی کرلی جبکہ بیشتر واقعات میں شخصی اور گھریلو مسائل ، ازدواجی زندگی میں ناچاقی ، ذاتی مخاصمت اور ذ ہنی تناؤ کے باعث پیش آئے ہیں اور بعض کیسوں میں کام سے متعلق دباؤ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی آر پی ایف 3 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے جو کہ مرکزی حکومت کے زیر نگرانی ملک کا سب سے بڑی مسلح پولیس فورس ہے ۔ مملکتی وزیر داخلہ نے کہا کہ سی آر پی ایف ، بی ایس ایف اور سی آئی ایس ایف ، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی ، این ایس جی کو ہدایت دی ہے کہ ذہنی تناؤ پر قابو پانے اور تندرستی کیلئے ہر ر وز یوگا کی مشق کروائی جائے۔