حیدرآباد 22 جنوری ( این ایس ایس ۔ سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سوائن فلو کے بڑھتے واقعات کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر مرکزی میڈیکل ٹیم آج یہاں پہنچی اور اس نے ریاست کے سب سے بڑے گاندھی ہاسپٹل میں صفائی کے ناقص انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ سوائن فلو کے زیادہ تر مریضوں کا علاج اسی ہاسپٹل میں کیا جارہا ہے ۔ نیشنل ہیلت سرویسز کے ڈائرکٹر ڈاکٹر اشوک کمار کھرے کی زیر قیادت سہ رکنی مرکزی ٹیم آج حیدرآباد پہنچی ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے کل وزیر اعظم نریندر مودی سے ربط قائم کرتے ہوئے مدد کی خواہش کی تھی کیونکہ تلنگانہ میں H1N1وائرس نے اب تک 19 افراد کی جان لے لی۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر مرکزی ٹیم حیدرآباد پہنچتے ہی سیدھے گاندھی ہاسپٹل گئی جہاں سوائن فلو کیسس کے علاج کیلئے خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ۔ ٹیم نے اس وارڈ کا خاص طور پر مشاہدہ کیا جہاں وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے علاج معالجے سے متعلق کئی افراد سے بات کی ۔ اطراف و اکناف کے ماحول کا جائزہ لیا اور ڈاکٹرس سے ادویات و ٹیکوں کی دستیابی کے بارے میں استفسار کیا۔ گاندھی ہاسپٹل کے حکام کو مرکزی ٹیم سے نمٹنے میں مشکل پیش آرہی تھی جس نے دواخانہ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ ٹیم نے کہا کہ ریاست کے بڑے دواخانہ میں صفائی کا اگر انتظام اس طرح ہو تو اضلاع کے دواخانوں کی حالت کیا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے ہاسپٹل کے عہدیداروں سے اس بارے میں سوالات کئے ۔ ٹیم نے ہاسپٹل انتظامیہ سے کہا ہے کہ احتیاطی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور پھر سوائن فلو کی علامات جن میں ظاہر ہو ان کا فوری علاج کیا جائے ۔ مرکزی ٹیم نے اب تک سوائن فلو سے مرنے والوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی ۔ مرکزی حکومت نے 50 ہزار سوائن فلو کٹس روانہ کئے ہیں اس کے علاوہ درکار ادویات اور ٹیکے بھی فراہم کئے جو شہر کے علاوہ اضلاع کے تمام ہاسپٹلس میں دستیاب رہیں گے۔ مرکزی ٹیم توقع ہے کہ محبوب نگر کا بھی دورہ کرے گی جہاں سوائن فلو کے واقعات حیدرآباد کے بعد سب سے زیادہ دیکھے گئے ۔ ٹیم کے ارکان توقع ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کریں گے اور اس کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے ملاقات کی جائے گی ۔ بعدازاں مرکزی ٹیم حقائق پر مبنی رپورٹ مرکزی وزارت صحت کو پیش کرے گی۔ مرکزی ٹیم کے علاوہ ریاستی عہدیداروں نے کہا کہ سوائن فلو وائرس نے گذشتہ سال کی طرح تباہی نہیں مچائی ہے اور عوام کو تشویش کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ۔ اس کے علاج کیلئے دواؤں کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے بھی آج گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کیا اور متاثرہ مریضوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ وہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو سے خواہش کریں گے کہ گاندھی ہاسپٹل اور عثمانیہ ہاسپٹل میں سوائن فلو کیسس کیلئے مختص علحدہ وارڈس کو بی بی نگر منتقل کردیں ۔ اس کے علاوہ وہ نئی دہلی میں مرکزی وزیر صحت سے بھی ملاقات کریں گے اور تازہ صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے اس وباء کو روکنے کے سلسلہ میں اضافی مدد کی خواہش کریں گے ۔