حیدرآباد ۔ 15 نومبر (این ایس ایس) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مرکز کی ایک ٹیم ریاست کے طوفان ہدہد سے متاثرہ اضلاع کا 24 اور 25 نومبر کو دورہ کرے گی اور ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے تخمینہ کی اساس پر نقصانات کا جائزہ لے گی۔ چیف منسٹر نے محکمہ جات برقی، زراعت، آبپاشی، بلدی نظم و نسق اور پنچایت راج کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس میں ان سے کہا کہ وہ فصلوں، املاک، پولٹری، میرئین انڈسٹری اور دیگر انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصانات اور ریلیف کاموں کیلئے خرچ کی گئی رقم پر رپورٹس تیار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ عہدیداروں کو مرکزی ٹیم کے پاس داخل کرنے کیلئے رپورٹس کے ساتھ تیار رہنا چاہئے۔ اس سے ریاستی حکومت مرکز سے بہتر ریلیف پیاکیج کی درخواست کرسکتی ہے۔