مرکزی و ریاستی حکومت ‘ مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ‘ سی پی آئی

حیدرآباد 6 اکٹوبر ( این ایس ایس ) سی پی آئی رکن اسمبلی رویندر کمار نے الزام عائد کیا کہ مرکزی اور تلنگانہ کی حکومتیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے اور مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہیں۔ سی پی آئی کارکنوں نے آج رنگا ریڈی کلکٹریٹ کا محاصرہ کرتے ہوئے ریاستی و مرکزی حکومتوں کے خلاف احتجاج کیا ۔ رویندر کمار نے الزام عائد کیا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ مرکزی و ریاستی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی حکومتوں نے عوام سے مہنگائی پر قابو پانے کا وعدہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ہے لیکن وہ اس وعدہ کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہی جماعتیں عام آدمی کے مسائل کو نظر انداز کر رہی ہیں۔